بھارتی سیاستدان و اداکار شتروگن سنہا کو قائداعظم محمد علی جناح کی تعریف کرنا مہنگا پڑگیا
نئی دلی: کانگریس رہنما اور بھارتی اداکار شتروگن سنہا کو انتخابی جلسے میں دوران تقریر برطانوی تسلط سے آزادی کی جدوجہد میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے کردار کی تعریف کرنا مہنگا پڑگیا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی اداکار اور حال ہی میں بی جے پی کو خیرباد کہہ کر کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والے شتروگن سنہا نے ایک انتخابی جلسے میں انگریزوں سے آزادی کی جدوجہد میں قائداعظم محمد علی جناح کے کردار کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوٹ سیاست میں انٹری کیلئے تیار
شتروگن سنہا نے کانگریس کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے مہاتما گاندھی، ولبھ بھائی پٹیل اور نہرو کے ساتھ محمد علی جناح کا نام بھی لے لیا جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
یہاں تک کہ ماضی کے فلمی ہیرو کو وضاحت پیش کرنا پڑی کہ وہ مولانا آزاد کہنا چاہتے تھے لیکن زبان پھسل جانے کی وجہ سے محمد علی جناح کہہ بیٹھے۔
واضح رہے کہ شتروگن سنہا نے حال ہی میں حکمراں جماعت بی جے پی میں مودی کی آمریت مزاجی سے تنگ آکر کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ مذکورہ بیان پر ان کی سابقہ پارٹی بی جے پی نے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر محاذ بنالیا۔