حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز اور آشیانہ ہاؤسنگ کیس کی سماعت 11 مئی تک کیلئے ملتوی
لاہور: احتساب عدالت میں حمزہ شہباز کیخلاف رمضان شوگر ملز اور آشیانہ اقبال ہاوسنگ کیس کی سماعت جج کی رخصت کے باعث 11 مئی تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت آج احتساب عدالت میں ہونا تھی تاہم جج کی رخصت کے باعث سماعت ملتوی کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: حمزہ شہباز کی رمضان شوگر ملز اور صاف پانی اسکینڈل میں عبوری ضمانت منظور
شہباز شریف بیرون ملک ہونے کی وجہ سے پیش نہیں ہوئے جس پر ان کے وکیل کی جانب سے ایک روز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
عدالت نے آشیانہ اقبال کیس میں گواہان کو بیانات قلمبند کرنے کےلیے طلب کیا تھا، اس موقع پر احتساب عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور غیر متعلقہ افراد کو نیب عدالت جانے سے روکا گیا۔
حمزہ شہباز اپنے محافظوں کے ہمراہ نیب عدالت پہنچے تو اس موقع پر پولیس اہلکاروں نے حمزہ کے محافظوں کو عدالت جانے سے روک دیا جس پر پولیس اور سیکیورٹی عملے کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔