سندھ

کراچی: ہیٹ ویو کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

ماہرین اور ڈاکٹروں کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کے زیر انتظام 13 اسپتالوں میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا گیا۔ بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے جاری اعلامیے کےمطابق شہر میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر کے ایم سی کے زیرانتظام 13 اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے اسٹاف عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔

اسپتالوں میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کے ایمرجنسی وارڈز قائم کرنے اور ایمبولینس کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی آئندہ ہفتے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا: محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے یکم سے 3 مئی کے دوران کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا ہے اور اس دوران شہر کا درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے جب کہ شہر میں سمندری ہوائیں بند رہیں گی۔

ہیٹ ویو سے کیسے بچا جائے؟

ہیٹ اسٹروک اُس وقت ہوتا ہے جب انسانی جسم اندرونی درجہ حرارت کو کم رکھنے کے لیے تیزی سے پسینہ خارج کرتا ہے تاکہ جسم کو باہر سے ٹھنڈک پہنچائی جاسکے لیکن پسینے کے اخراج کی صورت میں پیدا ہونے والی پانی کی اندرونی کمی کو فوراً پورا نہ کیا جائے تو پانی اور نمکیات کی کمی کے باعث جسم کا قدرتی کولنگ سسٹم ناکارہ ہوجاتا ہے اور انسان تھکاوٹ، سرسام یا لو لگ جانے جیسے جان لیوا امراض کا شکار ہوسکتا ہے۔

ماہرین اور ڈاکٹروں کے مطابق ہیٹ ویو کے دوران بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلا جائے، دھوپ میں نکلنے کی صورت میں شہری چھتری کا استعمال کریں۔

جسم میں نمکیات کی کمی کو پورا کرنے کے لیے پانی کا زیادہ استعمال کریں اور  ہلکے رنگوں کے ڈھیلے ڈھالے ملبوسات کا استعمال کیا جائے، چست اور موٹے کپڑے پہننے سے گریز کریں۔

موٹرسائیکل پر سفر کرنے والے شہری ہیلمٹ کا استعمال کریں، گرمی سے گھر آکر فوری طور پر سرپر پانی ڈالنے سے گریز کریں۔

سر اور جسم کے دیگر حصوں پر گیلا کپڑا لپیٹنے سے بھی گرمی کا احساس کم ہوتا ہے۔

کمزور مدافعتی نظام رکھنے والے افراد، شوگر، امراض قلب اور ہائپر ٹینشن یا فشار خون کی زیادتی کے مریض شدید گرمی میں باہر نا نکلیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close