دنیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری شراکت تسلیم کرتی ہے، سربراہ پاک فوج
اسپن کئی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ پوری دنیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری شراکت تسلیم کرتی ہے اور ہمارے تجربے سے سیکھنا چاہتی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جنوبی وزیرستان کے علاقے اسپن کئی میں کیڈٹ کالج کا افتتاح کردیا، اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ نے کالج کے لیے فنڈزدینے پر یو اے ای اور اراضی دینے پرمقامی قبائل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سپن کئی کیڈٹ کالج فاٹا میں معیاری تعلیمی اداروں کے قیام کی کڑی ہے جب کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ بڑھانا ضروری ہے کیوں کہ ملک کا مستقبل تعلیم یافتہ، پرجوش نوجوانوں محفوظ بناسکتے ہیں۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پوری دنیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری شراکت تسلیم کرتی ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے تجربے سے سیکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج تعمیر نو مکمل ہونے تک علاقے کے لوگوں سے تعاون جاری رکھےگی۔