ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ جاری
سرفراز احمد اور محمد نواز بالترتیب 45 اور 16 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔
پہلی اننگز کے دوسرے دن کھیل کے آغاز پر کپتان مصباح الحق اپنی سنچری مکمل نہ کر پائے اور 96 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔
گذشتہ روز پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
میچ کے پہلے دن کے آخری اوور میں یونس خان باؤنڈری لگانے کی کوشش میں 127 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے اور پھر اس کے بعد میچ خراب روشنی کے باعث میچ کو روک دیا گیا تھا۔
یونس خان جو ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائے تھے نے اعتماد بیٹنگ کی اور اپنی 33 ویں سنچری مکمل کی۔
اسد شفیق اور یونس خان نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 87 رنز سکور کیے۔
اسد شفیق نے 68 رنز سکور کیے اور گیبریئل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز اظہر علی تھے جو بنا کوئی رن بنائے گیبریئل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
آؤٹ ہونے والے دوسرے پاکستانی بلے باز سمیع اسلم تھے جو لیگ سپنر بھشو کی گیند پر چھ رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔
خیال رہے کہ پاکستان کو اس ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
دبئی میں کھیلے گئے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 56 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔
ابوظہبی میں پاکستانی ٹیم اب تک ٹیسٹ میچوں میں ناقابل شکست رہی ہے۔ اس نے اس میدان میں آٹھ ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں جن میں سے چار جیتے اور چار ڈرا ہوئے ہیں۔
پاکستانی ٹیم کا ملک سے باہر یہ 250 واں ٹیسٹ میچ ہے۔ اس نے اب تک کھیلے گئے 249 ٹیسٹ میچوں میں 73 جیتے ہیں 91 میں اسے شکست ہوئی ہے اور85 ڈرا ہوئے ہیں۔