اسلام آباد

پاکستان فلسطینیوں کیساتھ ہے اور کسی قیمت پر اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا، القدس کانفرنس کا اعلامیہ

اسلام آباد: فلسطین فائونڈیشن پاکستان اور پارلیمنٹری فورم برائے فلسطین کے اشتراک سے اسلام آباد میں القدس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری، سینیٹر مشاہد حسین سید، چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام، سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر افراسیاب خٹک، سینیٹر جنرل (ر) عبد القیوم اور فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم سمیت کشمیری رہنمائوں نے خطاب کیا۔

القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیرین مزاری نے کہا کہ پاکستان فلسطینیوں کیساتھ ہے اور کسی قیمت پر اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک جعلی اور غاصب ریاست ہے، پاکستان کسی دبائو کو قبول نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان فلسطین کاز پر قائد اعظم محمد علی جناح کی وضع کردہ پالیسیوں کے مطابق عمل کرے گی۔

شیریں مزاری نے کہا کہ ٹرمپ سمجھتا ہے کہ فلسطینوں کو بھی پیسے دینے سے وہ سب کچھ بھول جائیں گے، ایسا ہرگز نہیں ہوگا، جو لوگ خون دے رہے ہیں، وہ اپنی سرزمین کو کیسے بھول سکتے ہیں۔؟ ہم صدی کی ڈیل کی مذمت کرتے ہیں، امریکہ پیسے اور طاقت کے بل بوتے پر اقوام عالم پر مسلط ہونا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پر ہندوستان کی پالیسی فلسطین پر اسرائیلی پالیسی کی عکاس ہے، امریکہ، اسرائیل اور ہندوستان شیطانی مثلث ہیں، ایران امریکہ کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے شیریں مزاری نے کہا کہ ایران کے حوالے سے ٹرمپ خام خیالی کا شکار ہے، امریکی صدر نے کہا کہ ایران صفحہ ہستی سے مٹ جائے گا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ اس خطے اور خلیج فارس سے ختم ہو جائیگا۔

القدس کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹ کی خارجہ امور کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمیں سینٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ قائد اعظم نے برطانوی وزیر اعظم کو فلسطین کے موضوع پر خط لکھا تھا۔ ماضی میں ہم نے پاکستانی ایئر فورس اور پائیلٹ کی مدد سے فلسطینیوں کی شام کے محاذ پر مدد کی، کشمیری جلد آزادی کا سورج دیکھیں گے، ہماری قربانیاں ضائع نہیں ہوں گی، حریت پسند برہان وانی کی قربانی ضرور رنگ لائے گی۔ روہنگیا کے مظلوم بچے مدد کے لئے پکار رہے ہیں، ہمیں انکی آواز پر بھی لبیک کہنا چاہئے۔

یہ بھی پڑھیں: بیت المقدس کی آزادی ایران سمیت تمام مسلمانوں کی آرزو ہے، حسن روحانی

چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر کو عالمی برادری کیساتھ اٹھانے کے لئے پاکستان ہمیشہ صف اول میں رہا ہے۔ فلسطین اور کشمیر کے عوام کا حق ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر افرا سیاب خٹک، سینیٹر جنرل (ر) عبد القیوم اور فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل صابر ابو مریم نے کہا کہ مسئلہ فلسطین دنیا کے تمام مسائل میں سب سے اہم ترین مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے ساتھ بدترین ناانصافی ہوئی ہے، فلسطینی اپنے ہی وطن میں بےگھر ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین پر قائداعظم کا فرمان ہمارے لئے مشعل راہ ہے، آج کی القدس کانفرنس کا مقصد جہاں اپنے فلسطینی مظلوم بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرنا تھا، وہاں اس کانفرنس کا مقصد حکومت پاکستان کو مسئلہ فلسطین کی سنگینی کا احساس دلاتے ہوئے مطالبہ کرنا تھا کہ یوم القدس کو سرکاری سطح پر منایا جائے۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close