Featuredاسلام آباد

ایران خطے میں امن و ترقی کیلئے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے، ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف

اسلام آباد: ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان برادر اسلامی ملک ایران کے ساتھ دوستی اور ہمسائیگی کے لازوال رشتوں میں بندھا ہوا ہے، پاکستان ایران کے ساتھ علاقائی ترقی اور دیگر مسائل کے حل کے لیے دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاء پسندی خطے کی سلامتی کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں پارلیمانی سفارتکاری اہم کردار ادا کرسکتی ہے، پاکستان تمام تصفیہ طلب معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی سطح پر خوشگوار تعلقات چاہتا ہے، دونوں ممالک کے عوام کی خوشحالی اور خطے کی ترقی کے لیے پاکستان اور ایران کے مابین قریبی تعاون ناگزیر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ایران کا دو طرفہ معاملات اور علاقائی سلامتی میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ دونوں اقوام کے درمیان قدیم تاریخی تعلقات پائے جاتے ہیں اور ایران پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ہمسایہ ممالک اہم علاقائی و عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور دونوں ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں، ایران خطے میں امن و ترقی کے لیے پاکستان کو اپنا شراکت دار سمجھتا ہے۔

جواد ظریف نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، سکیورٹی اداروں کے درمیان تعاون کی وجہ سے دہشتگردی پر قابو پانے میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے، دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ دونوں اقوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close