عمران خان محلاتی سازشوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں : وفاقی وزیر اطلاعات
کراچی : وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان محلاتی سازشوں کے ماسٹر مائنڈ ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کو اگر اعلیٰ ترین عدالتوں پر اعتماد ہے تو احتجاج کا راستہ کیوں اپنا رہے ہیں۔ سرکار کے کاموں میں مداخلت کرنے والوں کو قانونی طریقے سے نمٹا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پرویز رشید نے امجد صابری کے گھر آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان ملک کے لیے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔ محلاتی سازشوں کے کرتا دھرتا ہی عمران خان ہیں۔ اگر ان کو عدالتوں پر اعتماد ہے تو احتجاج کاراستہ کیوں اپناتے ہیں ؟ پرویز رشید نے کہا عمران خان جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں۔
یہ نادر شاہی سیاست کرتے ہیں۔ قانون توڑنے والوں سے قانونی طریقے سے نمٹیں گے۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا تحریک انصاف کے سربراہ ترقی کاراستہ روکنا چاہتے ہیں لیکن مینڈیٹ رکھنے والی جماعت ہی سرخرو ہوگی۔