معاشی مسائل کے باوجود گلگت بلتستان کیلئے کثیر فنڈز مختص کئے، علی امین گنڈاپور
گلگت: وفاقی وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے مشکل مالی صورت حال کے باوجود گلگت بلتستان میں جاری منصوبوں اور نئے منصوبوں کے لئے خاطر خواہ فنڈز مختص کیے ہیں۔ انہوں نے یہ بات گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے وفاقی وزیر سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں حکومت نے پہلے سے جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کو ترجیح دی ہے تا کہ ان منصوبوں کو ایک طرف جلد مکمل کرے اور عوام کی سہولت کے لیے کھولا جاسکے تو دوسر ی جانب ان کو اپنے مقرر کردہ تخمینے میں مکمل کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن لیڈر جی بی اسمبلی کیٹپن (ر) محمد شفیع کی وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور سے ملاقات
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس کے علاوہ جی بی کے عوام لیے احساس کارڈ کا اجراء بھی اسی مالی سال کے دورن کیا جائے گا۔ علی امین خان گنڈا پور نے کہا کہ جی بی میں ہائیڈل پاور، سیاحت اور معدنی وسائل کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت موجود ہے جس سے بھرپور استفادہ اٹھا کر نہ صرف گلگت بلتستان اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے بلکہ جی بی کو پاکستان کے خوشحال ترین علاقے میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔
اس موقع پر گورنر راجہ جلال حسین مقپون نے بجٹ میں خطے کے لیے وافر فنڈز مختص کرنے پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں اس سال سیاحت کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔