سندھ
آنے والے دنوں میں سندھ میں بھی ہماری حکومت ہوگی، خرم شیر زمان
کراچی: پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں سندھ میں بھی ہماری حکومت ہوگی۔
میڈیا سے بات چیت میں تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ آج کل وزیراعلیٰ سندھ نے ایک نئی دکان کھولی ہوئی ہے، اس دکان کا نام آل پارٹی کانفرنس ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خرم شیرزمان کا اسپیکر سندھ اسمبلی سے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ
خرم شیر زمان نے کہا کہ اب وزیراعلیٰ سندھ کو مسائل کے حل کے لئے سابق میئر کی مشاورت کی ضرورت پڑگئی لیکن پیپلز پارٹی نے کرپشن ہی کرنی ہے، 11 سالوں میں کھربوں کی بے ضابطگیاں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور بلاول نے اپنی پہچان تبدیل کردی ہے، مریم صفدر اپنے آپ کو مریم نواز کہلواتی ہیں اور بلاول زرداری اپنے آپ کو بلاول بھٹو کہلواتے ہیں،وزیراعظم 11 جولائی کو کراچی آرہے ہیں۔