برہنہ سیلفی کے چکر میں لڑکی پولیس کی کار سے ٹکرا گئی
پولیس کا کہنا ہے کہ 19 سالہ مرنڈا ریڈر کی گاڑی اس وقت پولیس کی کار سے ٹکرائی جب وہ سوشل میڈیا کی معروف سائٹ سنیپ چیٹ کے ذریعے اپنی برہنہ تصویر اپنے بوائے فرینڈ کو بھیجنے کی کوشش میں تھیں۔
بدھ کے روز یہ واقعہ ہسٹن سے تقریباً ڈیڑھ سو کلو میٹر کے فاصلے پر بائرن میں پیش آیا۔
مرنڈا ریڈر ٹیکسس کی یونیورسٹی اے اینڈ ایم کی طالبہ ہیں۔ پولیس کے مطابق ان کی کار میں شراب کی ایک کھلی ہوئی بوتل بھی رکھی ہوئی تھی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جس پولیس افسر کی کار کو ٹکر لگی وہ جب ان کے پاس گئے تو وہ اپنا بلاؤز پہننے کی کوشش کر رہی تھیں۔
کالج کے پہلے سال کی طالبہ نے پولیس افسر کو بتایا کہ وہ ہاسٹل پہنچنے کے لیے یونیورسٹی کیمپس واپس جا رہی تھیں۔
جس پولیس افسر نے انھیں گرفتار کیا تھا اس نے اپنے حلف نامے میں لکھا: ‘میں نے ان سے پوچھا کہ آخر کار چلاتے ہوئے انھوں نے کپڑے کیوں نہیں پہن رکھے تھے تو انھوں نے جواب دیا کہ جب وہ ریڈ لائٹ پر تھیں تو اپنے بوائے فرینڈ کو بھیجنے کے لیے سنیپ چیٹ سے فوٹو کھینچ رہی تھیں۔’
پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے اور دو ہزار ڈالر بونڈ کے عوض انھیں جمعرات کو ضمانت پر رہا کر دیا گيا۔