Featuredپنجاب

شاہد خاقان کی گرفتاری جیسے ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوسکتے، شہباز شریف

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نیب عمران نیازی کے ہاتھ میں آلہ کار بنا ہوا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، نیب کے ادارے کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔

نیب عمران نیازی کے ہاتھ میں آلہ کار بنا ہوا ہے

شہباز شریف نے کہا کہ نیب اور عمران نیازی کی ملی بھگت سے مسلم لیگ (ن) پر وار ہوا ہے جب کہ نیب عمران نیازی کے ہاتھ میں آلہ کار بنا ہوا ہے اور شاہد خاقان عباسی کو بھونڈے طریقے سے گرفتار کیا گیا لیکن ہم ایسے اوچھے ہتھگنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کیے جاسکتے۔

نیب کےعقوبت خانوں میں ساری (ن) لیگ کی قیادت پڑی ہے

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ احتساب کے نام پر یہ (ن) لیگ کے خلاف سیاسی انتقام ہے، نیب کےعقوبت خانوں میں ساری (ن) لیگ کی قیادت پڑی ہے، غصے، ناکامی، نااہلی کا سارا نزلہ (ن) لیگ پر گر رہا ہے، جنھوں نے مسائل حل کیے آج وہ انتقام کا نشانہ بن رہے ہیں، ان اقدامات سے ملک کی جگ ہنسائی ہوتی ہے اور اپوزیشن کو ننگی گالیاں دینے والے کو وفاقی وزیر بنا دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پاکستانی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا گیا، ڈالر بڑھنے سے آج قرضوں میں کھربوں روپے کا اضافہ ہو چکا ہے، عوام پر ٹیکس کا کلہاڑا چلایا گیا، غریب کیلئے جینا مشکل ہو گیا ہے، کہاں سے مہنگی روٹی لائے، 15 روپے کی روٹی ہو تو خاندان کا کھانا کہاں تک جائے گا، جو ادویات ہمارے دور میں مفت ملتی تھیں آج ناپید ہیں جب کہ اب تو تاجر برادری بھی چیخ اٹھی ہے اور ہڑتال میں کوئی سیاسی آمیزش نہیں تھی، مجھے اور میرے ساتھیوں کو ہڑتال کا کوئی علم نہیں تھا۔

ہم سے غلطیاں ہوئی ہوں گی، ہم بھی انسان ہیں

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم سے غلطیاں ہوئی ہوں گی، ہم بھی انسان ہیں لیکن خدا کی قسم کھا کر کہتا ہوں ایک طالبعلم، مریض، عوام کی خدمت کی، ہمارے منصوبے عمران خان کو سونے نہیں دیتے، عمران خان مکمل طور پر ناکام، ضدی، غصے سے بھرا ہوا وزیراعظم ہے، قوم عمران خان سے حساب لے گی۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close