عوام کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیراعظم گرفتار ، مریم نواز شریف
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی سینیئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوام کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیراعظم گرفتار کرلیا گیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر مریم نواز نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ میرے ہم وطنو! آپ کے ووٹ سے منتخب ہونے والا ایک اور وزیراعظم گرفتار کرلیا گیا ہے، جو آپ کے ووٹ سے آئے گا، کیا یہی لا قانونیت، توہین اور ناانصافی اس کا مقدر بنے گی؟۔
نیب کے ادارے کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے
مریم نواز نے کہا کہ پاکستانیو! آپ کا منتخب نمائندہ نیب جیسے بدنام زمانہ ادارے کی ایک فوٹو کاپی کی مار ہے!، شرمناک مناظر دیکھ کر بھی شرم آتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نیب کے ادارے کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کئے جا سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کرلیا
شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، انہیں نیب میں پیش ہونے کی باقاعدہ اطلاع نہیں تھی، نیب حکام کے پاس وارنٹ گرفتاری نہیں تھا، کپتان نالائق ، نااہل اور ناتجربہ کار ہے، عوام کو ایک شخص کی بھینٹ چڑھانے کےلیے چھوڑ دیا گیا ہے، ان ہتھکنڈوں سے ہماری جدوجہد کمزور نہیں ہوگی، یہ قافلہ رکے گا نہیں زیادہ توانا ہوگا، پورے پاکستان کو گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال دیں پھر بھی کچھ نہیں ہوگا۔