اسلام آباد

وزیراعظم عمران خان کی ’میرا بچہ الرٹ‘ کے نام سے ایپلی کیشن تیار کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ’میرا بچہ الرٹ‘ کے نام سے ایپلی کیشن بنانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی صورتحال پر غور و خوص کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کاکہنا تھا کہ کابینہ اجلاس شروع ہونے سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ امریکا اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران مختلف ممالک کے سربراہان تھنک ٹینکس سے ملاقاتوں سمیت 70سے زائد تعارفی سیشنز کے حوالے سے کابینہ کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں مظلوم کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کرنے اور بھارتی حکومت کی جانب سے غیر قانونی اور ظالمانہ اقدامات کو بے نقاب کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

ان کا کہناہے کہ وفاقی کابینہ نے گوادر بندرگاہ کو ٹیکسیشن سے مستثنیٰ قرار دینے، ای کامرس پالیسی اور حلال فوڈ اتھارٹی کے قیام کیلئے بین الوزارتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی۔

معاون خصوصی کے مطابق کابینہ نے نیکٹا کو وزارتِ داخلہ کے ماتحت کرنے کے ضمن میں رولز آف بزنس میں ترمیم کی منظوری دی جبکہ ای کامرس پالیسی فریم ورک پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور اس کی منظوری بھی دی گئی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ موجودہ اجلاس اس سال کا (جنوری 2019 سے) 37 واں اجلاس ہے، اب تک 1143 فیصلے لیے گئے، ان فیصلوں میں1020پر مکمل عمل درآمد کیا جا چکا ہے جو کہ کل فیصلوں کا 90 فیصد ہے، 34 فیصلوں پر عملدرآمد جاری ہے جبکہ 35 فیصلے مختلف وجوہات کی بناء پر تاخیر کا شکار ہیں جو کہ 27 وزارتوں سے متعلق ہیں یہ مجموعی فیصلوں کا 3 فیصد بنتا ہے۔

’میرا بچہ الرٹ‘ ایپلی کیشن 

فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ آئندہ دو ہفتوں میں ’میرا بچہ الرٹ‘ کے نام سے ایپلی کیشن تیار کی جا رہی ہے تاکہ گمشدہ بچوں کو ڈھونڈنے اور ان کو ان کے والدین سے ملانے میں مدد مل سکے، جن افراد کے پاس اینڈرائیڈ فون نہیں ہیں ان کی انٹرنیٹ تک رسائی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے’میرابچہ الرٹ‘کے نام سے خصوصی ایپلی کیشن بنانے کی ہدایت کی ہے جو 2 ہفتوں میں تیارکرلی جائے گی۔

ایپلی کیشن کی مدد سےگمشدہ بچے کے درج کوائف فوری پولیس حکام تک پہنچ جائیں گے، یہ ایپلی کیشن پاکستان سٹیزن پورٹل سے منسلک ہوگی۔

کابینہ کا ملک میں ڈینگی کے پھیلاؤ  پر تشویش کا اظہار

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات نے بتایا کہ معاون خصوصی برائے صحت نے کابینہ کو ڈینگی کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ڈینگی کا مرض پھیلنے پر اظہار تشویش کیا ہے اور ہدایت کی کہ ڈینگی پر کنٹرول کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ مستقبل میں ڈینگی سے بچاﺅ کیلئے بروقت اقدامات کیے جائیں۔

وفاقی کابینہ کی ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کی جانب سے 18 ستمبر کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی توثیق کی، ان فیصلوں میں پرائم منسٹر یوتھ بزنس لون اسکیم کے ضمن میں سبسڈی کی ادائیگی، ملک میں گندم کی دستیابی کی صورتحال اور پلاننگ، ڈویلپمنٹ اور ریفارمز ڈویژن کیلئے سپلیمنٹری گرانٹ کی فراہمی شامل ہے۔

ملک میں آٹے کی قیمت میں اضافے پر تشویش

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وفاقی کابینہ نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ملک میں گندم کی دستیابی کی صورتحال تسلی بخش ہے، اس وقت ملک میں 3 ملین ٹن گندم اضافی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ حکومت کی جانب سے آٹے کی قیمت نہ بڑھانے کے باوجود بھی مصنوعی طور پر آٹے کی قیمت میں اضافے کی شکایت ملی ہے، وزیرِاعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ملک میں آٹے کی قیمت کسی صورت نہ بڑھے اور اس سلسلے میں صوبوں کی مشاورت سے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے ہدایت کی کہ روزمرہ کی اشیاءکی قیمتوں کے حوالے سے رپورٹ ہفتہ وار بنیادوں پر پیش کی جائے ۔

دوسرا ون ڈے، ہوم گراؤنڈ پر پاکستان کی تاریخی کامیابی، سری لنکا کو 67 رنز سے شکست

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close