واشنگٹن : امریکی صدارتی انتخابات کےلیے امیدوار بننے والے ڈیموکریٹس کا مباحثہ پاکستانی نژاد امریکی صحافی آمنہ نواز ماڈریٹ کرکے تاریخ رقم کریں گی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آمنہ نواز جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والی پہلی امریکی ہیں جو صدارتی مباحثہ ماڈریٹ کرکے تاریخ رقم کریں گی۔ مذکورہ مباحثہ 19 دسمبر کو کیلی فورنیا میں ہوگا۔
پاکستانی نژاد امریکی صحافی آمنہ نواز کو امریکا کے صدارتی امیدوار بننے کے ڈیموکریٹ کے خواہشمندوں کا مباحثہ ماڈریٹ کرنے کے لیے منتخب کرلیا گیا۔
آمنہ نواز امریکی ٹی وی پی بی ایس سے وابستہ ہیں اور وہ پاکستان، افغانستان، شام اور ترکی میں رپورٹنگ کرچکی ہیں۔
آمنہ نواز کو سیاست، امورخارجہ، تعلیم، ماحول، کلچر اور اسپورٹس میں رپورٹنگ کا تجربہ ہے، علاوہ ازیں وہ شمالی وزیرستان کا دورہ کرنیوالی پہلی غیر ملکی صحافی بھی تھیں۔
مباحثہ ماڈریٹ کرنے والے شخص کا کام کسی بھی بحث یا بات چیت میں ایک غیر جانب دار شریک کے طور پر ہوتا ہے۔
مباحثہ ماڈریٹر دیگر شریک افراد کو بات چیت کے دوران مقررہ وقت تک محدود رکھتا ہے اور انہیں بحث کے دوران موضوع سے باہر جانے سے روکنے کی کوشش کرتا ہے۔