اسپتال میں پڑھے لکھے طبقے نے دھاوا بولا
اسلام آباد: دل کے اسپتال پر دھاوا بول کر وکلا نے جہالت کا ثبوت دیا
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کل لاہور واقعے پر پوری قوم شرمندہ و افسردہ ہے، دل کے اسپتال میں پڑھے لکھے طبقے نے دھاوا بولا۔ یہ افسوسناک واقعہ لاہور کے دل میں ہوا۔
وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ دل کے اسپتال پر دھاوا بول کر وکلا نے جہالت کا ثبوت دیا، ساری دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہوئی۔
پاکستان میں مسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔ نوجوان پاکستان کا اثاثہ اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں
سیاسی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کی ضمانت ہوئی ہے اچھی بات ہے۔ یہ لوگ مارچ تک پلی بارگین کریں گے۔ پلی بارگین نہ ہوئی تو بلاول کی سیاست فارغ ہوجائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں ان کو شرم آنی چاہیئے۔ یہ کیسے کہہ سکتے ہیں الیکشن کمیشن میرا اور جج میرا ہونا چاہیئے۔ چیف الیکشن کمشنر غیر جانبدار ہونا چاہیئے، اپوزیشن نے 2013 اور 2018 کے دونوں الیکشن نہیں مانے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ ملکی حالات ایسے ہیں کہ ٹینشن کم کرنے کی ضرورت ہے۔ عوام مہنگائی میں پس رہے ہیں۔ بجلی گیس کے بل عوام کی پہنچ سے باہر ہوتے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ہندو اسٹیٹ بنتی جارہی ہے۔ مسلمانوں کو 10 ویں درجے کا شہری بھی تسلیم نہیں کیا جارہا۔ پاکستان اور ہندوستان کے حالات مزید تلخ ہوجائیں گے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہمیں عملی طور پر کام کرنا ہوگا۔ مودی کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔