تعلیم و ٹیکنالوجی

پیگی وٹسن خلا میں جانے والی معمر ترین خاتون بن گئیں

پیگی وٹسن اور دیگر دو خلا باز جمعے کو قزاقستان کے بیکانور خلائی مرکز سے سویوز نامی روسی خلائی جہاز کے ذریعے بین الاقوامی خلائی سٹیشن کے لیے روانہ ہوئے۔

امریکی خلائی ایجنسی ناسا سے منسلک پیگی پہلی خاتون ہوں گی جو کہ بین الاوقوامی خلائی سٹیشن کی دوسری بار کمانڈ کریں گی جبکہ ان کے پاس پہلے ہی خلا میں سب سے زیادہ وقت گزارنے والی خاتون کا اعزاز ہے۔

پیگی وٹسن اپنے اس مشن کے دوران 57ویں سالگرہ بھی منائیں گی اور ان کے ساتھ مشن پر روس کے خلا باز اولیگ نویستکی اور فرانس کے تھامس پکسیل بھی گئے ہیں۔

توقع ہے کہ خلا باز سنیچر کو بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر پہنچیں گے جہاں اس وقت ایک امریکی اور دو روسی خلاباز تعینات ہیں۔

یہ وہاں مئی 2017 تک قیام کے دوران متعدد سائنسی تجربات کریں گے۔

امریکی ریاست آئیووا سے تعلق رکھنے والی پیگی وٹسن نے بائیو کیمسٹری میں اعلیٰ تعلیم حاصل کر رکھی ہے اور 1996 میں خلاباز منتخب ہونے سے پہلے ناسا میں متعدد طبی سائنس اور تحقیقاتی منصوبوں پر کام کیا۔

2002 میں خلا کا سفر کرنے والی پہلی خاتون کا اعزاز حاصل کیا جبکہ 2007 میں دوسری بار خلا میں جانے کے علاوہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون کا اعزاز بھی حاصل کیا اور اب فروری میں سٹیشن کی دوبارہ قیادت سنبھال کر ایک نیا ریکارڈ قائم کریں گی۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close