ایران میں کورونا وائرس سے مزید 2 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دنیا بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 2200 سے تجاوز کرگئی ہے۔
ایران کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ 13 نئے متاثرین سامنے آئے ہیں اور مزید 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
کورونا وائرس سے متاثرہ 2 افراد دو روز قبل بھی ہلاک ہوئے اور مجموعی تعداد 4 ہوگئی ہے، ایران میں اب تک وائرس سے 20 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
ایران میں کورونا وائرس کے نئے متاثرین یا تو قم سے تعلق رکھتے ہیں یا پھر شہر کا دورہ کرنے والے افراد ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دارالحکومت تہران میں 4 اور شمالی صوبے گیلان میں 2 افراد ہسپتال میں داخل ہیں۔
وزارت صحت کے عہدیدار مینو مہروز کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس ممکنہ طور پر قم میں کام کرنے والے چینی باشندوں سے پھیلا ہے جو چین کا دورہ کرچکے ہیں تاہم انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک چینی کمپنی قم میں سولر پاور پلانٹ تعمیر کر رہی ہے۔
ایران کے بعد لبنان میں بھی ایک شہری میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جو لبنان میں پہلا کیس ہے۔
لبنان کے وزیر صحت حامد حسن کا کہنا تھا کہ 45 سالہ خاتون گزشتہ روز قم سے لبنان پہنچی تھیں جو وائرس سے متاثرہ ہیں، تاہم ان کی حالت اچھی ہے جبکہ حکام دیگر دو مریضوں کا بھی جائزہ لے رہے ہیں جن پر شبہ ہے کہ وہ وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔
لبنان میں متاثر ہونے والی خاتون اور دیگر دو مریضوں کو بیروت میں رفیق حریری ہسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔