ڈیرہ غازی خان: قرنطینہ سینٹر سے 175 کورونا وائرس کے مریضوں سمیت 755 زائرین صحت یابی کے بعد گھر واپس لوٹ گئے
وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ڈیرہ غازی خان قرنطینہ سے 755 زائرین صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ان میں سے 175 کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا تاہم انہوں نے بھی کرونا وائرس کو شکست دے دی۔ ڈی جی خان قرنطینہ میں اب صرف 74 زائرین رہ گئے ہیں جن کی بہترین نگہداشت کی جارہی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ، پولیس اور طبی عملہ تعریف کا مستحق ہے جو اس مشکل وقت میں زائرین کی بہترین نگہداشت کر رہا ہے اور ان کا خیال رکھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم متحد ہو کر اس وبا کو شکست دیں گے۔