Featuredدنیا

عرب اتحاد کا یمن جنگ بندی میں ایک ماہ کی توسیع کا اعلان

 یمن میں اقوام متحدہ کی درخواست پر جنگ بندی میں ایک ماہ کی توسیع کی جارہی ہے۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سعودی قیادت میں قائم عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ 8 اپریل 2020 کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد اب یمن میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفھیس کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست کے جواب میں جنگ بندی میں ایک ماہ کی توسیع کی جارہی ہے۔

کرنل ترکی المالکی نے واضح کیا کہ مستقل طور پر جنگ بندی، معاشی اور انسان دوست اقدامات کے معاہدوں اور سیاسی عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے مذاکرات جاری ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ یمن کے عوام کے دکھوں کو دور کرنے کے لیے اتحادی فوج سنجیدہ ہے۔

ترکی المالکی نے کہا کہ ہم یمن میں وائرس کا مقابلہ کرنے اور اس کی روک تھام کے لیے اقدامات لینے پر غور کر رہے ہیں۔

اتحادی افواج کے ترجمان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یمن میں جامع اور مستقل جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے ٹھوس کوششوں اور یمنی بھائیوں کے مصائب کے خاتمے اور براہ راست اور ٹھوس اقدامات پر اتفاق رائے کا اب بھی امکان موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر تمام بنیادی اقدامات کی بھر پور حمایت کریں گے تاکہ تمام یمنیوں کے اتفاق رائے سے ایک منصفانہ اور جامع سیاسی حل نکل سکے۔

اس سے قبل 8 اپریل کو عرب اتحاد نے جنگ بندی کے توسیع کے امکان کے ساتھ یمن میں دو ہفتوں کے لیے جامع جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close