کراچی میں فائرنگ سے ڈی ایس پی ٹریفک ہلاک
فائرنگ کا واقعہ اتوار کو کراچی کی راشد منہاس روڈ پر پیش آیا جس میں موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ڈی ایس پی فیض علی شگری ہلاک اور ان کے ڈرائیور زخمی ہوگئے۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے ڈی آئی جی زون ایسٹ سے تفصیلی انکوائری پر مشتمل رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی ہے۔
ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے متعلقہ ایس ایس پی کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ جائے وقوعہ پر دستیاب شواہد کو جدید تفتیش کی بدولت کارآمد بناتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کے لیے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ مذکورہ وقوعے میں زخمی ہونیوالے ڈرائیور کو بھی ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی ڈی ایس پی فیاض علی شگری کی ہلاکت کا نوٹس لیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے آئی جی سندھ سے فائرنگ کے واقعے کی رپورٹ طلب کی گئی اور فوری اقدامات کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے کراچی کے علاقے کنیز فاطمہ سوسائٹی میں فائرنگ کے ایک اور واقعے ایک شخص کی ہلاکت کی بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔