تین ہفتے گذر گئے،گورنرسندھ تاحال زیرِعلاج ہیں
گورنر کا حلف اُٹھانے والے ریٹائرڈ جسٹس سعید الزماں صدیقی نے اب تک اپنے دفتری امور کی انجام دہی کا آغاز نہیں کرسکے ہیں
یاد رہے وہ بیماری کے باعث حلف اٹھانے کے بعد مزار قائد پر حاضری بھی نہیں دے سکے تھے جس کے بعد انہیں مقامی اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کرلیا گیا تھا تا ہم تین ہفتوں بعد بھی نہیں کہا جاسکتا کہ وہ کب دفتری امور کی انجام دہی کے لیے دستیاب ہو سکیں گے۔
سرکاری ذرائع اور معالجین کا کہنا ہے کہ کہ گورنر کی طبیعیت اب بہتر ہے، انہیں سینے میں انفیکشن کے باعث سانس لینے میں دقت کا سامنا تھا جس کے باعث 79 سالہ گورنر سندھ کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہان طبیعت کی بحالی کے بعد وی آئی پی روم میں منتقل کردیا گیا تھا۔
تا ہم تین ہفتے گذ جانے کے باوجود اسپتال انتظامیہ یہ بتانے سے قاصر نظر آتے ہیں کہ گورنر سندھ کو کب تک اسپتال سے چھٹی دے دی جائے گی اور وہ معمول کے کاموں کی انجام دہی کے لیے دستیاب ہو سکیں گے۔
واضح رہے گزشتہ ماہ گورنر سندھ عشرت العباد کو سبکدوش کر کے ریٹائرد جسٹس سعید الزماں صدیقی کو گورنر نامزد کیا گیا تھا جنہوں نے 30 نومبر کو اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا تھا۔