چالیس سال پہلے کے کاروبار کا ریکارڈ پیش کرنا ممکن ہی نہیں: ن لیگ
اسلام آباد : پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس کے بعد لیگی رہنماؤں کا بھی جوابی وار۔ طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی صرف دستاویزات کھنگال رہی ہے۔ عدالت نےتسلیم کیا ہے وزیراعظم پاناما کیس میں ملزم نہیں۔ دانیال عزیز نے کہا کہ کاروبار کے ثبوت پیش کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں نون لیگی رہنما طارق فضل نے کہا میرے اور دانیال سمیت کسی کے لیے بھی ممکن نہیں کہ اپنے دادا یا چالیس سال پہلے کے کاروبار کا تمام ریکارڈ پیش کیا جائے، یہ ممکن ہی نہیں۔
انہوں نے کہا جو پہلے دن نکات پیش کیے تھے آج بھی وہی ہیں۔ دوسری طرف لگائے جانے والے الزامات اور تھے۔ الزامات کو ثابت کرنے کے لیے تحریک انصاف کے پاس کچھ نہیں۔ ہمارے دیے ہوئے ہی ثبوت کے کاغذات کو پی ٹی آئی کھنگال رہی ہے۔
عدالت نے آج ہمارے موقف کی تائید کی ہے۔ عدالت نے کہا کہ وزیراعظم اس کیس میں ملوث نہیں۔ نواز شریف کے دونوں بیٹے ملک سے باہر ہیں تو مریم نواز شریف کا والد کے ساتھ رہنے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ والد کی زیر کفالت ہیں۔ طارق فضل نے کہا جھوٹ بولنا پی ٹی آئی کا وتیرہ بن چکا ہے۔