مودی سرکار کی پالیسیوں نے خطے کو خطرے سے دوچار کردیا، شاہ محمود قریشی
اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ وادی کی صورتحال سے متعلق کہا ہے کہ مودی سرکار کی پالیسیوں نے خطےکو خطرے سے دوچار کر دیا،بھارت مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر خارجہ و رہنما پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے میڈیا شخصیات کو خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام 5 اگست 2019 کے اقدامات کو کسی صورت قبول نہیں کرتے۔
شاہ محمود قریشی نے میڈیا نمائندوں کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت کی ہندوتوا پالیسیوں کو ہر فورم پر بے نقاب کیا اور مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے پردہ ہٹایا۔
وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ مودی سرکار کی پالیسیوں نے خطےکو خطرے سے دوچار کر دیا،بھارت مقبوضہ کشمیر کے آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنا چاہتا ہے،مقبوضہ کشمیر کا آبادیاتی تناسب تبدیل کرنا عالمی قوانین کے منافی ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے نئے سیاسی نقشے کی منظوری بہت بڑا قدم ہے،یہ نیا سیاسی نقشہ پاکستانی قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے،نئےسیاسی نقشے کا اجرا قومی ضرورت کے پیش نظر کیا گیا۔
خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کو پاکستان کے نقشے کا حصہ بنا دیا گيا ہے، وفاقی کابینہ کی جانب سے پاکستان کے نئے نقشے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے، جسے اب اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے گا۔