پنجاب میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2100 سے تجاوز کرگئی
لاہور : پنجاب میں کرونا کیسز کی تعداد 93 ہزار پانچ سو سے تجاوز کرگئی جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 235 مزید تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کی جان لیوا وبا نے گزشتہ کئی ماہ سے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، تاہم وفاقی حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث ملک بھر میں کرونا کیسز کے رپورٹ ہونے کی تعداد کافی حد تک سست ہوگئی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 مریضوں کے انتقال کے بعد مجموعی تعداد 2 ہزار 157 ہوگئی جبکہ 235 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کرونا مریضوں کی مجموعی تعداد 93 ہزار 571 تک پہنچ گئی۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق راولپنڈی میں 54، لاہور میں 52 اور گوجرانوالہ میں 30 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ترجمان کے مطابق سیالکوٹ میں 22، گجرات میں 18، ملتان میں 11، راجن پور اور جہلم میں 8، 8، سرگودھا اور بہاولپور میں 6، 6 کیسز سامنے آئے۔
اسی طرح فیصل آباد میں 3، وہاڑی، بہاولنگر، لیہ، ساہیوال اور پاکپتن میں 2، 2 جبکہ نارووال، خانیوال، لودھراں، ننکانہ صاحب، قصور اور اوکاڑہ میں 1، 1 کیس رپورٹ ہوا۔
ترجمان کے مطابق صوبے میں اب تک 7 لاکھ 49 ہزار 135 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ اب تک کرونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 85 ہزار 180 ہوچکی ہے۔