اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے لوکل گورنمنٹ انتخابات کی تیاروں سے متعلق کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستیں 25 اکتوبر تک شائع کردی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق لوکل گورنمنٹ انتخابات کی تیاریوں سے متعلق الیکشن کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے کی، اجلاس کے دوران صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حلقہ بندیوں کی تکمیل کا کام جاری ہے جبکہ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستیں 25 اکتوبر تک شائع کردی جائیں گی۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور کےپی میں انتخابی مواد کے حصول کے اقدامات شروع کردئیے گئے ہیں جبکہ سندھ میں حلقہ بندیوں کے شیڈول کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اب تک کیے گئے انتظامات پر اظہار اطمینان کیا ہے۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ بارہا یاد دہانی کے باوجود پنجاب لوکل گورنمنٹ الیکشن رولز شائع نہیں کیے گئے، رولز شائع نہ ہونے سے انتخابات کے انعقاد میں دشوار آرہی ہے جبکہ بلوچستان میں انتخابات میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کےلیے قانون سازی کی جائے گی