اسلام آباد

آئین بحال کرانے والے بھی ہم ہیں

پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں بلاول بھٹو کے چار نکات، سابق صدر آصف علی زرداری کی واپسی اور محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے انتظامات پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سابق صدر کو انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم جمہوریت کے علمبردار ہیں اور اس کا استحکام چاہتے ہیں، جمہوریت کیلئے دی گئی قربانیوں کو رائیگاں جانے نہیں دیا جائے گا، پیپلزپارٹی نے آئین کو بحال کیا، آئین بنانے والے بھی ہم ہیں اس پر عمل ہم ہی کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر افہام و تفہیم کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ان کے چار مطالبات آئینی ہیں جن پر عمل کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور جو آئین کو نہیں مانتے اب ان کو لگ پتہ لگ ہی جائے گا۔

اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں آخری مرحلہ کے بلدیاتی انتخابات کو ریاستی مشینری استعمال کرکے جائز اور ناجائز طور ہائی جیک کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، خصوصاً رحیم یار خان میں پاکستان پیپلزپارٹی کی واضح اکثریت کو شکست میں بدل دیا گیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں نوازلیگ حکومت کی زور زبردستی نے ایک بار پھر ”پاناما شریف“ کی بادشاہت کا مکروہ چہرہ کھول کے رکھ دیا ہے جو کہ اپوزیشن کو برداشت کرنے کو تیار نہیں، پنجاب کے محنت کشوں کی طرح وہ پورے ملک کو یرغمال رکھنا چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جس طرح اژدہا اپنے شکار کا حشر کرتا ہے، اسی طرح لوگوں کو ہڑپ کرنے کے لیے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لیے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے تمام عمل کو بے معنی مشق میں تبدیل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور ان کے جیالوں اور ہمدردوں کی موجودگی میں اس قسم کے مذموم مقاصد کامیاب نہیں ہونگے کیونکہ جب ایک بھٹو میدان میں اترتا ہے تو تمام اژدہا اور گدہوں کے لیے بھاگنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچتا۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close