لاہور : وفاقی حکومت شعیب دستگیر کی برطرفی کے بعد انعام غنی کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نئے آئی جی پنجاب کی تعیناتی کیلئے سمری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ارسال کردی گئی، وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی سبکدوشی کے بعد حکومت کی جانب سے تین ناموں پر آئی جی پنجاب کےلیے غور کیا جارہا تھا جس میں اے ڈی خواجہ، محسن بٹ اور انعام غنی شامل تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے انعام غنی کو نیا آئی جی پنجاب تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ سابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کو سیکریٹری نارکوٹکس بورڈ تعینات کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کے درمیان شدید اختلافات پائے جا رہے تھے۔
اختلافات کا آغاز اس وقت ہوا جب سی سی پی او نے افسران کو آئی جی کے حکم سے پہلے تمام معاملات اپنے علم میں لانے کی ہدایت کی جس پر آئی جی پنجاب شعیب دستگیر بھڑک اٹھے، انہوں نے سی سی پی او کی معذرت قبول کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔