Featuredانٹرٹینمنٹ

اداکارہ ریا چکربورتی کے انکشافات کے بعد بولی وڈ شخصیات سے منشیات کے استعمال کی تفتیش کا فیصلہ

منشیات کے استعمال سے متعلق تفتیش میں بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی شامل

بھارت کی انسداد منشیات فورس نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے گرفتار کی جانے والی اداکارہ ریا چکربورتی کے انکشافات اور اعتراف کے بعد متعدد بولی وڈ شخصیات سے منشیات کے استعمال کی تفتیش کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ریا چکربورتی کو نارکوٹکس بیورو نے 8 ستمبر کو گرفتار کیا تھا، بعد ازاں انہیں 9 ستمبر کو جیل بھیج دیا گیا تھا۔
انہیں رواں برس جون میں خودکشی کرنے والے سشانت سنگھ راجپوت کے لیے منشیات کا بندوبست کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

اداکارہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب انہوں نے نارکوٹکس بیورو کے سامنے تفتیش میں اعتراف کیا تھا کہ سشانت سنگھ راجپوت کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی تھیں اور یہ کہ اداکار کی رہائش گاہ پر منشیات استعمال کرنے کی پارٹیاں بھی ہوتی تھیں۔

نارکوٹکس بیورو نے ریا چکربوتی کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت سے 22 ستمبر تک ان کا ریمانڈ بھی حاصل کیا تھا جس میں 6 اکتوبر تک توسیع کردی گئی ہے۔

ریا چکربورتی کی گرفتاری کے بعد خبریں سامنے آئی تھیں کہ اداکارہ نے نارکوٹکس بیورو کے سامنے کم از کم 28 بولی وڈ شخصیات کے منشیات استعمال کرنے کے حوالے سے بتایا تھا۔

ریا چکربورتی نے جن 28 شخصیات کے حوالے سے نارکوٹکس بیورو کو بتایا تھا ان میں سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان، اداکارہ راکول پریت سنگھ اور ڈیزائنر سیمون کھمباٹا کے نام بھی شامل تھے۔
بعدازاں نارکوٹکس بیورو نے تصدیق کی کہ ریا چکربورتی کے بیان کے بعد جلد ہی سارہ علی خان، راکول پریت سنگھ اور ڈیزائنر سیمون کھمباٹا سے بھی تفتیش شروع کردی جائے گی۔
اب این سی بی کی جانب سے منشیات کے استعمال کے خلاف تفتیش میں دپیکا پڈوکون کا نام بھی سامنے آیا ہے۔
پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں نہ صرف اداکارہ بلکہ ان کی منیجر کرشمہ پرکاش کا نام بھی اسی کیس میں شامل ہے۔
این سی بی دپیکا پڈوکون کی مبینہ چیٹس ریکور کرنے کے بعد ان کا نام تفتیش میں شامل کیا جس میں وہ اپنی منیجر کرشمہ پرکاش سے حشیش لانے کا کہہ رہی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق دونوں نے کوکو نامی مقام پر ملاقات کے حوالے سے بات چیت بھی کی تھی۔

کرشمہ پرکاش کو تفتیش کے لیے این سی بی کی جانب سے طلب بھی کیا گیا تھا تاہم اے این آئی کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے اپنی صحت کی وجہ سے 25 ستمبر تک استثنیٰ حاصل کرلیا ہے۔

اتفاق کی بات ہے کہ دپیکا پڈوکون نے 2017 میں دیگر اداکاروں کے ہمراہ کوکو کلب میں ایک پارٹی میں شرکت کی تھی۔
اس پارٹی میں دپیکا پڈوکون کے علاوہ سوناکشی سنہا، سدھارتھ ملہوترا اور ادیتیہ رائے کپور بھی شریک تھے جو ممبئی میں لوئر پیرل میں واقع ریسٹورنٹ میں ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق اب یہ ہائی پروفائل پارٹی بھی منشیات کیس میں این سی بی کے سامنے آگئی ہے اور ایجنسی کی جانب سے پارٹی کی ویڈیو کی فوٹیج کی تفتیش کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق این سی بی کی جانب سے جلد اس معاملے کی تفتیش کے لیے دپیکا پڈوکون کو بھی طلب کیا جائے گا۔

دریں اثنا اداکارہ دیا مرزا جن کا نام دپیکا پڈوکون کے ساتھ منظر عام پر آیا ہے، انہوں نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے منشیات کا استعمال نہیں کیا اور نہ ہی ان کی خریداری کی ہے۔
دوسری جانب این سی بی نے ٹیلنٹ منیجر جیا سہا سے گزشتہ روز 6 گھنٹے تک تفتیش کی تاہم ایجنسی نے انہیں اور سشانت سنگھ راجپوت کی سابق منیجر شروتی مودی کو دوبارہ طلب کیا تھا۔
علاوہ ازیں ان کو ایجنسی کے ڈائریکٹر دھرو چتگوپیکر بھی منشیات سے متعلق تفتیش کے لیے این سی بی کے سامنے پیش ہوئے تھے۔ خیال رہے کہ جیا سہا ٹیلنٹ ایجنسی کی ملازم ہیں اور دپیکا پڈوکون کی منیجر کرشمہ پرکاش بھی اسی ایجنسی کی ملازم ہیں۔

 

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close