بیجنگ : کرونا وائرس نے دنیا بھر میں 10 لاکھ مریضوں کی جان لے لی اور کروڑوں انسانوں کو متاثر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈومیٹر کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے 9 لاکھ 99 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
یہ جان لیوا وائرس اب تک دنیا کے 213 ممالک اور علاقوں میں 3 کروڑ اور ساڑھے 30 لاکھ انسانوں کو متاثر کر چکا ہے، دوسری طرف وائرس سے لگنے والی بیماری سے اب تک 2 کروڑ 44 لاکھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
چین سے پھیلنے والے اس وائرس نے سب سے زیادہ تباہی امریکا میں پھیلائی، اب تک وائرس سے امریکا میں 2 لاکھ 9 ہزار افراد جانوں سے ہاتھ دھو چکے ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 72 لاکھ 87 ہزار ہے، جن میں 45 لاکھ 24 ہزار مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔
بھارت میں کرونا سے متاثرین کی تعداد 60 لاکھ کے قریب ہوگئی ہے، گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 80 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 94 ہزار 534 ہوگئی ہے۔
برازیل میں کرونا وائرس سے ہلاکتیں بڑھ کر 1 لاکھ 41 ہزار ہو گئی ہیں اور متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 47 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ روس میں وائرس سے اموات 20 ہزار سے زائد ہیں جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 11 لاکھ 43 ہزار ہو چکی ہے۔