سیالکوٹ : ڈاکٹروں نے مبینہ غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مریض کی زندگی خطرے میں ڈال دی، آپریشن کے دوران تولیہ مریض کے پیٹ میں ہی چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے ٹیچنگ اسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے، جس کے باعث مریض گزشتہ سات ماہ سے کھلے زخم کے ساتھ اسپتال کے چکر پے چکر لگا رہا ہے لیکن کوئی سنوائی نہیں ہورہی۔
مریض کا کہنا تھا کہ 7 ماہ قبل آپریشن کرایا تھا جس کے بعد پیٹ میں درد ہونے لگا، درد ہونے پر سی ٹی اسکین کرایا تو معلوم پڑا پیٹ میں تولیہ کا ٹکڑا موجود ہے جو آپریشن کے دوران ہی پیٹ میں رہ گیا تھا، اب متعدد بار اسپتال انتظامیہ سے رابطہ کیا تاہم کوئی داد رسی نہ ہوئی۔
مریض فیصل ٹھاکر نے کہا کہ 7 ماہ سے کھلے زخم کے ساتھ پھررہا ہوں، درد سے نیند نہیں آتی، مختلف لیبارٹریز سے ٹیسٹ کرائے کچھ سامنے نہیں آیا، سی ٹی اسکین سے پتہ چلا کہ پیٹ میں تولیہ ہے۔
اسپتال کے ڈاکٹر ایم ایس ڈاکٹڑ جاوید منیر نے کہا کہ غفلت کا ذمہ دار اس وقت کا سرجن ہوگا جس نے آپریشن کیا، ابھی تک ایسے کسی مریض نے ہم سے رابطہ نہیں کیا جبکہ مریض کے رابطہ کرنے پر مکمل انکوائری کرائی جائے گی۔