اپنے خالق کے حکم کی پیروی کرنا چاہتی ہوں
اداکارہ ثنا خان نے شوبز کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ کر انسانیت کی خدمت کرنے کا عزم کر لیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں جمعرات کو ثنا خان نے لکھا ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت اور اپنے خالق کے حکم کی پیروی کرنا چاہتی ہیں۔ اسی لیے شوبز کو خیر باد کہہ رہی ہیں۔
ثنا خان نے تین زبانوں ہندی، اردو اور انگریزی میں جاری تفصیلی پوسٹ میں اپنے فالوورز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ زندگی کے ایک اہم موڑ پر ہیں۔ گزشتہ کئی دن سے وہ اپنے وجود کے اصل مقصد پر غور کر رہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے سے یہ سوچ رہی تھیں کہ کیا انسان کے اس دنیا میں آنے کا اصل مقصد صرف دولت اور شہرت کا پیچھا کرنا ہے؟ کیا یہ اس کے فرائض کا حصہ نہیں کہ وہ اپنی زندگی ناداروں کی خدمت میں گزارے؟
ان کے مطابق کیا کسی فرد کو یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ وہ کسی بھی وقت مر سکتا ہے؟ اور جب وہ نہیں رہے گا تو اس کا کیا بنے گا؟
ثنا خان نے یہ بھی لکھا ہے کہ وہ طویل عرصے سے ان سوالوں کے جواب تلاش کر رہی تھیں۔ خاص طور پر دوسرا سوال کہ میری موت کے بعد میرا کیا بنے گا؟
وہ کہتی ہیں کہ جب انہوں نے مذہبی اعتبار سے ان سوالات کے جواب تلاش کرنا شروع کیے۔ تو انہیں احساس ہوا کہ دنیا میں زندگی دراصل موت کے بعد کی زندگی کی بہتری کے لیے ہے۔ دولت کمانے اور شہرت حاصل کرنے کے بجائے خالق کے حکم پر عمل کرنا بہتر ہے۔
ثنا خان کا کہنا ہے کہ ’میں شوبز کی زندگی کو ہمیشہ کے لیے الوداع کہہ رہی ہوں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے انسانیت کی خدمت کرنے اور اپنے خالق کے احکامات پر عمل کرنے کا عزم کر لیا ہے۔
ثنا خان نے اپنے فنی کرئیر کا آغاز کمرشلز سے کیا تھا۔ اس شعبے میں انہیں جلد کامیابی سے ہم کنار کیا جس کے بعد وہ تامل فلموں میں اداکاری کرنے لگیں۔