کراچی : محکمہ داخلہ سندھ نے شہر قائد میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر عائد کی پابندی کا نوٹیفیکیشن واپس لےلیا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے گزشتہ روز ڈبل سواری پر عائد کی گئی پابندی ختم کردی، پابندی ختم کروانے میں اہم کردار ایم کیو ایم پاکستان اور جماعت اسلامی کراچی نے ادا کیا۔
سیاسی جماعتوں اور عوام کی جانب سے آنے والے شدید ردعمل کے بعد محکمہ داخلہ سندھ نے ڈبل سواری پر عائد ہونے والی پابندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ پابندی امن وامان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کے لیے لگائی گئی ہے، جس سے امن و امان برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے واضح کیا گیا تھا کہ رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سفارش پر ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے، قانون کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق خواتین، بزرگ، 12 سال سے کم عمر بچوں اور صحافیوں پر نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں واقع شمع شاپنگ سینٹر کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ڈبل کیبن گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں جامعہ فاروقیہ کے مہتمم مولانا عادل اور ڈرائیور مقصود احمد ہلاک ہوگئے تھے۔