آئی فون نے چار نئے سیٹ متعارف کرادئیے
واشنگٹن : معروف امریکی کمپنی ایپل نے فائیو جی سے لیس آئی فون 12 کے چار نئے سیٹ متعارف کرادئیے۔
کرونا کے پیش نظر ایپل کمپنی کی جانب سے تعارفی تقریب کا انعقاد ورچوئل کیا گیا، اس دوران کمپنی کے ترجمان نے آئی فون 12 سیریز کے چار فون متعارف کرائے۔
کمپنی کی جانب سے آئی فون 12 منی، آئی فون 12، آئی فون 12 پرو، آئی فون 12 پرو میکس متعارف کرائے گئے ہیں، یہ پہلا موقع ہے کہ ایپل نے بیک وقت ایک ہی سیریز کے چار فون متعارف کرائے ہیں۔
آئی فون 12 منی کا 5.4 انچ، آئی فون 12 کا 6.1 انچ، آئی فون 12 پرو میں 6.1 انچ اور آئی فون 12 پرو میکس کا 6.7 انچ ڈسپلے دیا گیا ہے۔۔
آئی فون 12 سیریز کے چاروں فون فائیو جی سپورٹڈ ہیں جبکہ یہ او ایل ڈی ڈسپلے اور اے 14 بائیونک پراسیسر سے لیس ہیں۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ پراسیسرز اینڈرائیڈ فون کے مقابلے میں 50 فیصد دگنی رفتار سے چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
iPhone 12 and iPhone 12 Pro Prices#AppleEvent #iPhone12 pic.twitter.com/Naus1EAZFt
— iPhone 12 (@iphone12models) October 13, 2020
آئی فون کے چاروں موبائلز میں آئی او ایس 14.2 آپریٹنگ سسٹم دیا گیا ہے جبکہ اس میں جدید فیچرز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
آئی فون 12 منی کے 64 جی بی اسٹوریج والا فون 699 ڈالرز (ایک لاکھ 14 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ آئی فون 12 کا 64 جی بی اسٹوریج والا فون 799 ڈالرز (ایک لاکھ 30 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
آئی فون 12 منی اور آئی فون 12 کو 128 اور 256 جی بی اسٹوریج کے ساتھ بھی متعارف کرایا گیا ہے، آئی فون منی 128 اور 256 کی قیمت بالترتیب 799 اور 899 ڈالر مقرر کی گئی ہے جبکہ آئی فون 12 کے 128 اور 256 جی بی والے فون کی قیمت 899 اور 999 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
کمپنی نے آئی فون 12 پرو کی قیمت 999 ڈالر مقرر کی ہے جبکہ آئی فون پرو کے 128 جی بی والے فون کی قیمت 999 ڈالر، 256 جی بی 1149 ڈالر، 512 جی بی 1349 ڈالر مقرر کی گئی ہے جبکہ آئی فون 12 پرو میکس، قیمت 1 ہزار 99 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
ایپل نے رواں سال متعارف کرائے جانے والے موبائل کے ساتھ ڈبے میں چارجر نہیں دیے، اس بات کا اعلان کمپنی پہلے کرچکی تھی جس کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کے خلاف اقدامات کرنا ہے۔