امریکی ریاست پنسلوینیا میں پولیس کی فائرنگ سے ہلاکت کی ویڈیو وائرل
ریاست پنسلوینیا میں پولیس فائرنگ کے بعد فسادات پھوٹ پڑے، ہنگامہ آرائی کے دوران پرتشدد واقعات میں درجنوں پولیس افسر زخمی ہوگئے۔
میڈیا کے مطابق فلاڈیلفیا میں مبینہ چاقو بردار شخص کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد سے شہر بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے مظاہرین نے جلاؤ گھیراؤ شروع کر دیا۔
پولیس گردی پر سیخ پا مظاہرین نے اہلکاروں پر حملے کر دیے اور جھڑپوں کے دوران کم از کم 30 پولیس افسر زخمی ہوگئے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 300 افراد پر مشتمل گروہ نے رات گئے جمع ہو کر شہر بھر میں احتجاج کیا اور اس دوران پولیس سے مد بھیڑ میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔
کمشنر نے مظاہرین سے مذاکرات کیے اور انہیں پرامن رہنے کی اپیل کی، کمشنر نے یقین دلایا کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور تفتیش میں جو بھی قصور وار پایا گیا اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔