فوجی عدالتوں کے فیصلوں سے دہشت گردی میں نمایاں کمی ہوئی، آرمی چیف
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ فوجی عدالتوں کے فیصلوں سے دہشت گردی میں نمایاں کمی ہوئی جب کہ پاک فوج قومی سلامتی کے لیے تمام ریاستی اداروں سے تعاون جاری رکھے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی سربراہی میں کورکمانڈرکانفرنس ہوئی جس میں قومی سلامتی سے متعلق امور اور پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کاجائزہ لیا گیا جب کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں اورعالمی منظرنامے پرمرتب اثرات پراظہاراطمینان کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فوجی عدالتوں کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالتوں کے فیصلوں سے دہشت گردی میں نمایاں کمی ہوئی، پاک فوج قومی سلامتی کے لیے تمام ریاستی اداروں سے تعاون جاری رکھے گی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسٹریٹجک آرگنائزیشن کو بابر3 میزائل کے کامیاب تجربے پر مبارکباد بھی دی اور افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہرقسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے اور کسی بھی خطرے سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔