کیا روس کے پاس ٹرمپ کے بارے خفیہ معلومات ہیں
امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی خفیہ اداروں کی جانب سے اپنے متعلق شرمسار کرنے والے مواد کے اکٹھا کیے جانے کی خبروں کو کیچڑ اچھالنے کے مترادف قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی میڈیا نے یہ خبر دی ہے کہ روسی خفیہ اداروں نے مسٹر ٹرمپ کو ذاتی طور پر زیر کرنے والا مواد حاصل کر لیا ہے۔
ایک غیر مصدقہ رپورٹ میں کہا گيا ہے کہ روس کے پاس ان کے متعلق شرمسار کرنے والی پریشان کن معلومات ہیں۔
بغیر کسی سیاق و سباق کے نو منتخب صدر نے ٹویٹ کیا: ‘جھوٹی خبر، یہ پوری طرح سے سیاسی طور پر کیچڑ اچھالنے کے مترادف ہے۔’
مسٹر ٹرمپ اپنی حلف برداری سے نو دن قبل بدھ کے روز پریس کانفرنس کرنے والے ہیں۔
امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے نو منتخب صدر اور ان کے پیش رو صدر براک اوباما کو معلومات بہم پہنچائی ہیں لیکن امریکی خفیہ برادری نے ان دعووں کی بابت عوامی طور پر کچھ نہیں کہا۔
حالیہ ہفتوں کے دوران مسٹر ٹرمپ امریکی ایجنسیوں کی رپورٹ کے شدید دباؤ میں رہے ہیں جس میں یہ کہا گيا ہے کہ روس نے انتخابی مہم کے دوران ڈیموکریٹک پارٹی کی ای میلز ہیک کی تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہلیری کلنٹن کے خلاف اور مسٹر ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں انتخابی نتائج کو موڑنے کا حکم کریملن سے دیا گيا تھا۔
لیکن ابھی تک مسٹر ٹرمپ انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نتائج سے واضح طور پر متفق نظر نہیں آئے اور انھوں نے روس کے ساتھ اچھے تعلقات کی مخالفت کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انھیں ‘احمق’ کہا ہے۔
دوسری جانب روس نے ہیکنگ میں شمولیت سے انکار کیا ہے اور امریکہ پر ‘وچ ہنٹ’ کا الزام لگایا ہے۔