لاہور : مریم نواز کا کہنا تھا کہ اندر کی رپورٹ ہے یہ گھبرا گئے ہیں اور انہیں گھبرانا چاہیے۔
ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ میڈیا، حکومت جو بھی کہتی رہی لیکن لاہور کے جلسے میں لوگوں کا جم غفیر تھا
مریم نواز نے لاہور کے مینار پاکستان پر حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اندر کی رپورٹ ہے ’یہ‘ گھبرا گئے ہیں اور انہیں گھبرانا چاہیے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کے جلسے کے لیے سعد رفیق سمیت لاہور کا ہر ایم این اے مبارک باد کا مستحق ہے۔
جلسے کی کامیابی پہ لاہور کا ایک ایک ایم این اے اور ایم پی اے مبارکباد کا مستحق ہے.ہر چیز کی مخالفت کے باوجود کل کا جلسہ تاریخی جلسہ تھا.عوام کا اتنا جم غفیر تھا کہ ایک جلسہ جلسہ گاہ کے اندر ہورہا تھااور ایک جلسہ گاہ کے پیچھے ہورہا تھا.@MaryamNSharif pic.twitter.com/eCP98II8sp
— PML(N) (@pmln_org) December 14, 2020
انہوں نے کہا اسٹیبلشمنٹ، حکومت، کورونا اور موسم ہر چیز آپ کے خلاف تھی لیکن کل کا جلسہ تاریخی تھا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ میں وہاں کھڑی یہ سوچ رہی تھی کہ جلسہ گاہ چھوٹی پڑ گئی کیونکہ ایک جلسہ وہاں جلسہ گاہ میں اور دوسرا اس کے پیچھے ہورہا تھا اور ہمارے ہزاروں لوگ جو قافلوں میں تھے وہ جلسہ گاہ پہنچ ہی نہیں سکے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر اس سب کو شامل کیا جائے تو شاید لاہور کی تاریخ میں ایسا کامیاب جلسہ نہیں ہوا ہوگا۔
نائب صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ مجھے کل اسٹیج پر ہی معلوم ہوگیا تھا کہ میڈیا کو کہاں سے ہدایات آرہی ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ عوامی جلسہ تھا جسے عوام نے کامیاب بنایا اور آزاد مبصرین نے اسے دیکھا ہے اور دیکھا ہوگا، ظاہر ہے ان کے لوگ ہم میں شامل ہوتے ہیں اور مبصرین کے طور پر کھڑے ہوتے ہیں، تو اندر کی رپورٹ ہے ان کے مطابق یہ گھبرا گئے ہیں اور انہیں گھبرانا چاہیے۔