ایک اور بلے باز باؤنسر کا شکار
ویلنگٹن: بنگلا دیش کے کپتان مشفیق الرحیم نیوزی لینڈ کے خلاف دوسری اننگز میں گیند سر پر لگنے سے زخمی ہو گئے جنہیں گراؤنڈ میں ایمبولنس بلوا کر علاج کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
نیوزی لینڈ کے بیسن ریزرو ویلنگٹن میں جاری ٹیسٹ کے آخری روز بنگلا دیش کی دوسری اننگز کے دوران مشفیق الرحیم کیوی پیسر ٹم ساؤتھی کے باؤنسر سے بچنے کے لیے جھکے لیکن گیند ہیلمٹ پر جا لگی، مشفیق فوراً زمین پر گر گئے، دونوں ٹیموں کے طبی عملے نے ان کا ابتدائی معائنہ کیا اور پھر گراؤنڈ کے اندر ایمبولینس بلوا کر مشفیق الرحیم کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
بعد ازاں ساتھی کھلاڑی تمیم اقبال نے میڈیا کو بتایا کہ میں نے مشفیق الرحیم سے بات ہے، بنگلا دیشی قائد بہتر اور ہوش میں ہیں، انہیں احتیاطی طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں طبی امداد دینے کے بعد انہیں اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ مشفیق پہلے ہی ٹوٹی ہوئی انگلی کے ساتھ بیٹنگ کر رہے تھے۔