امریکہ کو متحد کریں گے
ڈونلڈ ٹرمپ نے عہد کیا ہے کہ وہ اقتدار میں آ کر امریکہ کو متحد کر دیں گے۔
واشنگٹن ڈی سی سی میں لنکن میموریل کی سیڑھیوں پر اپنے مداحوں کے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں تبدیلی لے کر آئیں گے۔
دو گھنٹے تک جاری رہنے والی اس تقریب میں ان کے خاندان کے افراد، اداکار جان ووئٹ اور سول مین کے گلوکار سیم مور نے شرکت کی۔
ٹرمپ نے کنسرٹ کے اختتام پر کہا: ‘ہم آپ کے ملک کو متحد کریں گے۔ ہم تمام عوام کے لیے امریکہ کو ایک بار پھر عظیم بنائیں گے۔ ہر کسی کو، بشمول اندرونِ شہر والوں کے لیے، سبھی کے لیے۔’
20 جنوری کو ٹرمپ عہدۂ صدارت کا حلف اٹھا کر امریکہ کے 45ویں صدر بن جائیں گے۔
انھوں نے نعرے لگاتے ہوئے مداحوں کے ہجوم کو بتایا کہ بہت سے لوگوں کو ان کی انتخابی مہم کے بارے میں شک تھا۔
‘وہ ہم میں سے بہت سوں کے بارے میں بھول گئے تھے۔ اب ہم آپ کو نہیں بھولیں گے۔’
انھوں نے عہد کیا کہ وہ نوکریاں پھر سے لے کر آئیں گے، فوج کی تعمیرِ نو کریں گے اور سرحدوں کو محفوظ بنائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا: ‘ہم ایسے کام کریں گے جو اس ملک میں کئی عشروں سے نہیں ہوئے۔
‘یہ بدل کر رہے گا۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں۔ یہ بدل کر رہے گا۔’