سندھ اسمبلی: نصرت سحر عباسی اور امداد پتافی کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ
سندھ : سندھ اسمبلی کے اجلاس میں مسلم لیگ فنکشنل کی رہنما نصرت سحر اور وزیرورکس کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا اسپیکر نے امداد پتافی کی جانب سے نازیبا الفاظ کو اسمبلی کارروائی سے حذف کرادیا۔
سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر شہلارضا کی زیر صدارت شروع ہواتو کورنگی سے زخمی حالت میں ملنے والی سویرا بشیر کی صحت یابی کے لئے ایوان میں دعا کرائی گئی کارروائی شروع ہوئی تو پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی غلام قادر چانڈیو نے بولنے کی اجازت نہ ملنے احتجاج کیا۔
اجلاس کے دوران اس وقت کشیدہ صورت حال پیدا ہوئی جب نصرت سحر عباسی کے سوال پر امداد پتافی نے انہیں ڈرامہ کوئن قرار دیا اور ساتھ ہی نصرت سحر عباسی پر غیر مہذبانہ الفاظ ادا کئے جس پر اپوزیشن کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا ۔
معاملے کی حساسیت کو بھانپتے ہوئے شہلا رضا نے اسمبلی کی کارروائی سے صوبائی وزیر ورکس امداد پتافی کے الفاظ کو حذف کرانے کا حکم دیا ساتھ ہی انہوں نے صوبائی وزیر کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ اسمبلی کا لحاظ کو ملحوظ خاطر رکھاجائے
ایم کیو ایم کی ہیرسوہو نے چینی زبان سیکھنے سے متعلق توجہ دلاؤنوٹس ایوان میں پیش کیا جس پر وزیر تعلیم نے کہا ایک پروگرام کے تحت چائینیز زبان سیکھنے کے لئے چالیس طلبہ آئندہ چند روز میں چائنا بھیجے جائیں گے اس سے قبل ایک ٹیم پہلے ہی چین جاچکی ہے بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس پیر تک ملتوی کردیا۔