کراچی : اے ٹی ایم سے ایک ہزار روپے سے زائد رقم نکلوانے پر پابندی کے میسجز پر اسٹیٹ بینک کی وضاحت جاری
پاکستان بھر میں لوگوں کو موبائل پر اس قسم کے میسجز موصول ہوئے ہیں کہ اسٹیٹ بینک نے 23 جنوری سے اے ٹی ایم سے 1000 روپے سے زائد رقم نکلوانے پر پابندی عائد کر دی ہے، اب ایسے موبائل پیغامات پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا موقف بھی آگیا۔
ایک ہزار روپے سے زائد رقم نکلوانے پر پابندی کے میسجر ملنے پر عوام میں بڑے پیمانے پر تشویش کی لہر دوڑ گئی اور لوگ حیران رہ گئے کہ یہ کس قسم کا اقدام ہے۔بڑے پیمانے پر عوامی شکایات کے بعد اسٹیٹ بینک نے معاملے کا فوری نوٹس لیا اور وضاحت جاری کردی۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری وضاحتی میسج میں بتایا گیا کہ مارکیٹ میں اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے پر پابندی سے متعلق جھوٹے میسجز زیرگردش ہیں، اگر آپ کو اس قسم کے میسجز موصول ہوئے ہیں تو براہ مہربانی انہیں نظر انداز کر دیں۔
بعدازاں مختلف بینکوں کی جانب سے بھی اپنے صارفین کو اس حوالے سے آگاہ کیا گیا کہ اسٹیٹ بینک نے اے ٹی ایم سے رقم نکلوانے پر کسی قسم کی پابندی عائد نہیں کی ہے اور اے ٹی ایم کا نظام پہلے کی طرح چل رہا ہے۔