کپل شرما شو کو فروری میں بند کرنے کا فیصلہ
ممبئی : بھارت میں سونی ٹی وی پر چلنے والے مزاحیہ پروگرام ’دی کپل شرما شو‘ کو فروری کے وسط سے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شو کے منتظمین کی جانب سے یہ فیصلہ کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکلات کے باعث کیا گیا ہے۔ شو کا فارمیٹ ایسا ہے کہ اس میں مختلف فلمی شخصیات اپنی فلموں کی تشہیر کیلئے شرکت کرتی ہیں لیکن کورونا کی وجہ سے فلمیں ریلیز نہیں ہو رہیں اس لیے بالی ووڈ کے بڑے نام بھی اس میں شرکت نہیں کر رہے ۔
اس کے علاوہ شو میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد بھی مشکل ہے، عوامی شرکت پروگرام کا لازمی حصہ ہے لیکن کورونا کی وجہ سے وہ شریک نہیں ہو پا رہے ہیں جس کے بعد انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ فروری کے وسط میں شو کو بند کردیا جائے گا اور حالات نارمل ہونے پر اسے دوبارہ آن ایئر کردیا جائے گا۔
اس سے پہلے بھی ایک بار کپل شرما شو عملے کی آپس کی لڑائی کی وجہ سے بند کردیا گیا تھا۔ لڑائی کی وجہ سے کئی ماہ تک یہ شو بند رہا جس کے بعد نئی کاسٹ کے ساتھ یہ دوبارہ شروع کیا گیا تھا۔