اس حکومت کی وجہ سے پاکستان کا تاثر بین الاقوامی سطح پر بھی متاثر ہورہا ہے
اسلام آباد: شازیہ مری کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے سامنے یہ حکومت لیٹ چکی ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کے حوالے سے جواب دینا ہوگا۔ اس حکومت کی وجہ سے پاکستان کا تاثر بین الاقوامی سطح پر بھی متاثر ہورہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس نومبر میں طے ہوا تھا کہ رائے شماری کے حوالے سے ، مگر ابھی تک تماشا لگایا ہوا ہے۔ صوبہ سندھ سے ابھی تک حکومتی کمیٹی نے مردم شماری کے حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے خود کہا کہ مردم شماری پر تحفظات ہیں مگر اسے تسلیم کرلیا جائے، یہ رپورٹ پیش کی گئی ہے، ہم سی سی آئی کی بنائی گئی اس رپورٹ کی مذمت کرتے ہیں۔ طلباء کیساتھ لاہور میں جو سلوک ہوا ہے اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے معاشی، خارجہ پالیسی کی تباہی کے ساتھ طلباء کے ساتھ بھی ناانصافی کررہی ہے، آن لائن امتحانات کے حوالے سے حکومت کو گزشتہ سال سے ہی اقدام اٹھانا چاہیئے تھا۔ پارلیمان کے سامنے خواتین اپنے کے ساتھ 19 روز سے احتجاج کررہی ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے۔ ان میں 5 ٹیچرز کا انتقال، پانچ خواتین بیوہ ہوچکی ہیں مگر حکومت کو کوئی پرواہ نہیں۔
سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ پٹرول کے ساتھ بجلی کی قیمتوں میں16 مرتبہ سے زائد یکایک اضافہ کردیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کے سامنے یہ حکومت لیٹ چکی ہے۔
انہوں نے کہا ٹیچنگ اسپتال کے لیے لایا جانے والا آرڈیننس سراسر زیادتی ہے، اسی آرڈیننس کے ذریعے سندھ کے تین اداروں پر قبضے کی کوشش کی گئی حالانکہ یہ عدالت میں زیر التوا معاملہ ہے۔ جو حشر پمز کا کیا گیا ہے وہی حشر ٹیچنگ اسپتال کا کرنا چاہتی ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ اس حکومت کی وجہ سے پاکستان کا تاثر بین الاقوامی سطح پر بھی متاثر ہورہا ہے، ملائیشیا میں طیارہ روک لیا جاتا ہے، روز ویلٹ ہوٹل سمیت دیگر امور سامنے ہے مگر وزیر خارجہ کو پارلیمان کو ڈکٹیٹ کرنے سوا کوئی کام نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کے حوالے سے جواب دینا ہوگا، براڈ شیٹ کے حوالے سے ون مین کمیشن کو مسترد کرتے ہیں۔ جو سابق دور میں ڈپٹی پراسیکیوٹر رہا ہو وہ کیسے انصاف کرسکتا ہے۔ یہ مفاد کے ٹکراؤ کی بات ہے ، حکومت کو اپنی ضد اور انا کو چھوڑنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی ایک رپورٹ آرہی ہے، 2019میں کرپشن اینڈیکس میں 120 ویں نمبر پر آتے ہیں، خدشہ ہے کہ پاکستان کرپشن میں مزید بدتر پوزیشن پر جارہا ہے جو کہ انتہائی تشویش ناک ہے۔