لاہور: نیب کی مریم نواز کو 26 مارچ بروز جمعہ کو پیش ہونے کی ہدایت۔
نیب لاہور نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو دوبارہ طلب کرلیا۔
چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو دوبارہ 26 مارچ بروز جمعہ کو نیب لاہور میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم نواز کو دوبارہ کال اپ نوٹس جاری کر دیا گیا ہے، مریم سے متعلق نیب لاہور کو نئے شواہد موصول ہوئے ہیں۔
نیب ترجمان کا کہنا ہے کہ نئے شواہد کی روشنی میں مریم نواز سے تحقیقات کرنی ہیں۔
مریم نواز اس سے قبل گیارہ اگست 2020ء کو نیب لاہور میں پیش ہوئی تھیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیب لاہور کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی تھی کہ مریم نواز کی بیان بازی کا مقصد شریف خاندان کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کے مقدمات کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔
نیب لاہور کا کہنا تھا کہ مریم نواز کیخلاف چوہدری شوگرملز اور منی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے مقدمات زیرِ تحقیقات ہیں۔