اسلام آبادپاکستان

نوازشریف کو 2023ء کے الیکشن میں جیتنے کے لیے سب کچھ مل گیا

اسلام آباد (24 مارچ2021ء) مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیر اعظم نوازشریف کو اس نظام پر دباؤ ڈال ک وہ سب کچھ مل گیا ہے جس کی ضرورت انہیں 2023ء کے الیکشن میں پڑ سکتی ہے ، ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی و تجزیہ کار حبیب اکرم نے کیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک کالم میں انہوں نے لکھا کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت موجودہ اسمبلیوں کی باقی ماندہ سوا 2 سال کی مدت میں دوسرا جنم لے کر بھی کچھ نہیں کرسکتی ، اب گھسٹ گھسٹ کر اس نے صرف دن پورے کرنے ہیں اور بس۔
تجزیہ کار کے مطابق رہی سہی کسر آئی ایم ایف سے معاہدے نے پوری کردی ، جس کے بعد موجودہ حکومت اب معاشی طور پر اپنا ایجنڈا آگے بڑھانے کے بجائے یہ صرف ایک معاشی ڈاک خانہ بن کر رہ جائے گی جو صدر دفتر سے آنے والی ہدایات کو یہاں نافذ کرتی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ لیکن یہ سب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے 2 نکتے نظر انداز کیے ، جن میں پہلا یہ ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) بے شک ان کی بنائی ہوئی جماعت ہے لیکن بہرحال یہ ایک سیاسی جماعت ہے جو اندھا دھند تقلید نہیں کرسکتی اور دوسرا یہ کہ دنیا کی تاریخ نے ان بادشاہوں کی ناکامی کی داستانوں سے بھری پڑی ہے جو ولی عہدی کی سیاست میں الجھے اور ٹھوکر کھا گئے۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ غیر آئینی طاقتوں کے داغ دار چہروں کو بے نقاب کرنا ہے ، کیوں کہ جب بھی جمہوری حکومتیں ملک کو ترقی کی طرف لے جاتی ہیں تو ان کوناکام کیا جاتا ہے ، 73 سال گزرنے کے باوجود ہم اپنی منزل کا تعین نہیں کرسکے ، ابھی تک اپنی منزل اور راستے کا پتہ نہیں ہے، دنیا چاند سے آگے مریخ پر پہنچ گئی لیکن ہم اس دنیا میں اپنے ملک پاکستان کا راستہ تلاش نہیں کرسکے۔
لاہور میں مسلم لیگ ن کی یوتھ ونگ کے کنونشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں آئین اور قانون کی بار بار دھجیاں اڑائی جاتی ہیں اور عوام کے ساتھ مذاق کیا جاتا ہے ، ووٹ چوری ہوتا ہے، الیکشن مسلم لیگ (ن) جیتتی ہے لیکن آر ٹی ایس بند کرکے، رات کے اندھیرے میں بکسے بدل کر ایک سلیکٹڈ کو بیٹھا دیا جاتا ہے، کئی دن نتائج نہیں آتے اور اعلان کسی اور کا کیا جاتا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close