کورونا کیسز میں اضافہ اسی رفتار سے جاری رہا تو پابندیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے .اسدعمر
اسلام آباد(27 مارچ ۔2021ء) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافہ اسی رفتار سے جاری رہا تو مزید پابندیاں عائد کی جاسکتی ہیں. اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اجلاس کے بعد نیوز بریفنگ دیتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال خطرناک صورت اختیار کرتی جارہی ہے.
اس ضمن میں ہم نے 2 ہفتے قبل کچھ پابندیاں عائد کی تھیں انہوں نے کہا کہ پابندیاں خوشی سے نہیں لگائی گئیں لیکن ہمیں نظر آرہا تھا کہ وبا کے پھیلاﺅ میں کس طرح تیزی آتی جارہی ہے اور صورتحال کس جانب گامزن ہے.
انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے کے بعد وبا کے پھیلاﺅ کے ساتھ ساتھ ان پابندیوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور نظر یہ آیا کہ وبا تیزی سے بڑھ رہی ہے اور فیصلوں پر اس طرح عملدرآمد نہیں ہورہا جس طرح ہونا چاہیے اسد عمر نے کہا کہ ہمارے عوام کو ابھی تک اندازہ نہیں کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر کے دوران ہم کس خطرناک صورتحال کا سامنا کررہے ہیں.
انہوں نے کہا وبا کے اس پھیلاﺅ کی وجہ کا ٹھوس جواب سائنس میں ہی ملے گا تاہم جو ہمیں نظر آرہا ہے وہ یہ وائرس کی مختلف اقسام، بالخصوص برطانوی قسم پاکستان میں موجود ہے جو زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے اور زیادہ مہلک بھی ہے وہ وبا کے پھیلاﺅ میں اچانک تیزی آنے کی بڑی وجہ بنی ہے. انہوں نے بتایا کہ ہم نے خطے کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا، جس میں ہمیں یہ نظر آیا کہ وبا کا نیا پھیلاﺅ صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ پورے خطے میں جاری ہے تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں یومیہ کیسز 10 ہزار سے بھی کم رہ گئے تھے جو دوبارہ 47 ہزار کی سطح عبور کرچکے ہیں، بنگلہ دیش میں بھی چند ہفتوں کے دوران وبا 4 گنا زیادہ تیزی سے پھیلی ہے.