ٹریفک پولیس بغیر ماسک کے موٹرسائیکلوں ، گاڑیاں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے چالان کا فیصلہ
لاہورٹریفک پولیس: نے بغیر ماسک موٹرسائیکل ، گاڑیوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کے چالان کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک ہی روز میں 2 ہزار 609 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو چالان ٹکٹس جاری کردیے گئے ، جن میں 2089 موٹرسائیکلز، 200 رکشوں ، 155 کاریں شامل ہیں ، اس کے علاوہ 4 پبلک ٹرانسپورٹ ، 47 منی مزدا اور 4 ٹرالر کو بھی چالان جاری کیے گئے جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 08 مقدمات بھی درج ہوئے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق کار میں دو یا دو سے زائد افراد کےلیے ماسک ضروری ہے ، موٹرسائیکل پر سنگل سوار ہونے کی صورت میں چالان نہیں ہوگا ، جب کہ پبلک سروس وہیکلز میں بھی 50 فیصد سواریوں کی اجازت ہے۔ یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ پنجاب حکومت نے 12 فیصد شرح والے علاقوں میں لاک ڈاؤن کی منظوری دے دی ، لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ، میٹرو اور اورنج لائن ٹرین بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ، اطلاق یکم اپریل سے ہوگا ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے کرلیے گئے ، جن کے تحت پنجاب میں مارکیٹس شام 6 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،ریسٹورنٹس اور پارکس مکمل طور پر بند کیے جائیں گے صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی ، جب کہ لاہور شہر میں ٹرانسپورٹ بھی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پابندیوں کا اطلاق 12 فیصد سے زائد کورونا مثبت کیسز والے شہروں پر ہوگا ، کابینہ کمیٹی نے این سی او سی کے فیصلوں پر سختی سے عملدرآمد کے لائحہ عمل کی بھی منظوری دی ، مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اختیار کی جائے گی ، ماسک پر سختی سے پابندی ہوگی ، اس کے علاوہ پنجاب حکومت نے شادی کی تقریبات پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔