سٹہ مافیا چینی کی بوریوں پر نہیں ، واٹس ایپ پر چینی کی قیمت میں اضافہ کرتا ہے
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ سٹہ مافیا واٹس ایپ پر چینی کی قیمت امیں اضافہ کرتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ سٹہ مافیا چینی کی بوریوں پر نہیں واٹس ایپ پر کام کرتا ہے ، اطلاعات کے بعد مافیاز کیخلاف کارروائی کرنا ناگزیر تھا، ایف آئی اے سٹہ مافیا کیخلاف 12 سے زائد ایف آئی آر درج کرچکا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ ’کچھ دن پہلے ایف آئی اے نے لاہور میں سٹے بازی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی۔ ان لوگوں کے فونز، کمپیوٹرز اور کھاتے برآمد کیے گئے اور ان کا فرانزک تجزیہ کیا گیا، تو ان میں بہت سارے انکشافات ہوئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں بھی ایف آئی اے نے کارروائی کی اور وہاں گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’پنجاب میں آٹھ دس بڑے پلیئرز ہیں جو چینی کی مارکیٹ چلاتے ہیں اور اس کی قیمت طے کرتے ہیں۔
معاون خصوصی برائے احتساب کے مطابق کئی سرمایہ کار بھی اس کام میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’سٹے باز پہلے سے چینی کے ریٹ طے کرتے ہیں۔ ہم سب ان آٹھ دس افراد کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں۔
ان کے خلاف کارروائی کرنا بہت ضروری ہے۔
شہزاد اکبر نے لاہور میں ایف آئی اے کی کارروائی کے حوالے سے کہا کہ ’ہم نے ان لوگوں سے لاکھوں کاغذات برآمد کیے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب نے انکشاف کیا کہ ’ہمارے پاس خبر تھی کہ سٹے باز رمضان میں چینی کی قیمت میں
بہت زیادہ اضافہ کرنے جا رہے تھے۔ رمضان میں چینی کی قیمت میں 20 سے 30 فیصد اضافہ کیا جا رہا تھا۔
شہزاد اکبر کے مطابق 35 سے 40 فیصد چینی جو عام صارف استعمال کرتا ہے اس پر سٹے بازی کی جاتی ہے۔