عمان میں غیر ملکیوں کو کب داخلے کی اجازت ہوگی؟
خلیجی ملک عمان نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ انتہائی ضرورت کے بغیر سفر سے گریز کریں۔
عمانی خبر رساں ادارے اونا کے مطابق سلطنت عمان نے فیصلہ کیا ہے کہ مقامی شہری اور سلطنت میں مقیم غیر ملکی جمعرات کو دوپہر بارہ بجے سے عمان میں داخل ہوسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ عمانی حکومت نے پورے ملک میں تمام تجارتی سرگرمیوں پر پابندی میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے افراد اور گاڑیوں کو رات آٹھ بجے سے صبح پانچ بجے تک بین الصوبائی آمد ورفت کی اجازت دے دی ہے، یہ اجازت یکم رمضان تک کے لیے دی گئی ہے۔
عمان کی اعلی کمیٹی نے ساتھ ہی اعلان کیا کہ رمضان کے دوران رات نو سے صبح چار بجے تک تمام تجارتی ادارے بند رہیں گے، اس دوران سفر کرنے
والے افراد اور گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی جبکہ رواں سال مساجد میں تراویح کی اجازت نہیں ہوگی۔
عمانی حکومت نے رمضان میں تمام تقریبات پر مکمل پابندی عائد کردی ہے، پابندی کے بعد مساجد، خیموں اور عوامی مقامات پر اجتماعی افطار دسترخوان پر پابندی ہوگی۔
اس کے علاوہ کرونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر کے تحت رمضان کے دوران تمام سماجی، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں بند رہیں گی، سلطنت میں کسی بھی قسم کا اجتماعی پروگرام نہیں کیا جاسکے گا۔